کاروبار
08 جون ، 2012

سندھ کے علاوہ کہیں سی این جی اسٹیشنز نہ کھل سکے

سندھ کے علاوہ کہیں سی این جی اسٹیشنز نہ کھل سکے

لاہور… سندھ کے علاوہ ملک بھر میں کہیں سی این جی اسٹیشنز نہ کھل سکے۔ لاہور میں سی این جی اسٹیشنز کی ہڑتال جاری ہے ، پانچویں روز بھی گیس نہ ملنے پرصارفین مہنگا پٹرول ڈلواتے رہے۔ سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔ سی این جی کی ہفتہ وار تین روز ہ بندش کے بعد ہڑتال کے دوسرے روز آج بھی لاہور میں تمام سی این جی ا سٹیشنز بند ہیں ، لوگ سڑکوں پر پریشان اور خوار پھرتے رہے۔ سی این جی مالکان کا کہنا ہے کہ سی این جی کی قیمت میں اضافہ دوہری زیادتی ہے، ایک تو ہفتے میں تین دن دستیاب نہیں ہوتی ،اوپرسے مزید مہنگی کی جارہی ہے، ان حالات میں کاروبارکیسے کیا جا سکتا ہے ، قیمت واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔ فلنگ اسٹیشنز کے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت فوری مسئلہ حل کرے ،، سی این جی نہیں چلے گی تووہ روزگار سے محروم ہو جائینگے۔ ادھر خیبرپختونخوا میں بھی سی این جی اسٹیشنز کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث عوام شدید مسائل سے دوچار ہو گئے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ اب گاڑیاں سی این جی پر منتقل ہو چکی ہیں اور سی این جی دستیاب نہ ہونے کے باعث زندگی عملاً مفلوج ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :