08 جون ، 2012
اسلام آباد… حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایاہے کہ پولیس آفیسر حسین اصغر کو آئی جی گلگت بلتستان کا عہدہ فوری چھوڑ کر حج کرپشن اسکینڈل کی تفتیش میں واپس آنے کیلئے ، نوٹس بھجوادیا گیا ہے ، اس پر عمل درآمد میں سات دن درکار ہوں گے ۔ چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حج کرپشن کیس کی سماعت کی، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری خوشنود لاشاری اور اٹارنی جنرل عرفان قادر بھی عدالت میں پیش ہوئے،انہوں نے بتایاکہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے حسین اصغر کو فوری آئی جی گلگت بلتستان کا چارج چھوڑنے کا نوٹس بھیج دیا ہے، اس میں کہاگیاہے کہ وہ واپس نہ آئے تو تادیبی کارروائی ہوگی، چیف جسٹس نے ہلکے پھلکے انداز میں اٹارنی جنرل کو مخاطب ہوکر کہاکہ ویری گڈ ، آپ تو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرارہے ہیں،آپ بڑے زبردست اٹارنی جنرل بنتے جارہے ہیں،پھر مقدمہ کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی گئی۔