پاکستان
08 جون ، 2012

آئی آئی چندریگر روڈ پر عمارت میں لگنی والی آگ پر قابو پالیاگیا

کراچی… کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔آگ بجھانے کے دوران فائر برگیڈ کی گاڑیوں میں پانی ختم ہوگیا ، جس کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں تاخیر کا سامنا بھی کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی مصروف ترین شاہراہ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع دو منزلہ عمارت کی پہلی منزل میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد فائر برگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ، جو آگ بجھانے میں مصروف رہا۔آگ لگنے کے وقت عمارت میں موجود لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ قرب و جوار میں واقع عمارتوں کے لوگوں کو بھی باہر نکال لیا گیا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔ آگ بجھانے کے عمل میں فائر برگیڈ کی14 سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا۔ اس دوران تمام گاڑیوں میں یکے بعد دیگرے پانی ختم ہوگیا۔ فوری طور پر پانی کے ٹینکر نہ پہنچ سکے جس کے بعد فائر برگیڈ کو پانی بھرنے کے لئے دوبارہ اسٹیشنز جانا پڑا جسکی وجہ سے پندرہ سے بیس منٹ تک آگ بھجانے کا عمل معطل رہا۔ آگ لگنے کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا اور عمارت کی لکڑی کی چھت بھی گر گئی۔ ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پالیا۔

مزید خبریں :