08 جون ، 2012
کراچی…سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی اپیل پر آج تیسرے روز بھی سندھ کے سواملک کے بیشتر شہروں میں اسٹیشنز بند ہیں۔جبکہ ایسوسی ایشن نے کل پٹرول پمپ بھی بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ تاہم سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن کھلے رہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں جعفرآباد، نصیرآباد اور سبی میں بھی سی این جی اسٹیشن کھلے رہے۔ملتان ریجن میں سی این جی ایسوسی ایشن کی ہڑتال کا آج تیسرا روز تھا جبکہ ملتان ریجن کی عوام ہفتہ وار تین روزہ بندش کے بعد آج پانچویں روز بھی سی این جی سے محروم ر ہے۔ فیصل آباد ریجن کے8 شہروں سرگودھا،رحیم یار خان ،فیصل آباد سمیت پورے ریجن میں سی این جی اسٹیشن ہفتہ وار بندش کے تحت دوسرے روز بھی بند رہی تاہم یہاں کی بھی ایسوسی ایشن نے صوبے کے دیگر شہروں کی طرح ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا۔خیبر پختونخوا کے بیشتر شہروں میں سی این جی اسٹیشن بندرہے۔ایبٹ آباد میں ہڑتال کے باعث شہر میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونا شروع ہوگئی ہے، نوشہرہ، سوات اور چند ایک مقامات پر سی این جی اسٹیشن کھلنے کی اطلاعات ملیں۔ محکمہ سوئی گیس نے سوات کے نواحی علاقے رحیم آباد میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی صدرغیا ث پراچہ کے سی این جی اسٹیشن سمیت دو پمپ کے کنکشن کاٹ دئے۔