09 جون ، 2012
کابل ... افغانستان میں اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل جان ایلن نے نیٹو کے فضائی حملے میں افغان شہریوں کی ہلاکت پر معافی مانگ لی ایساف کمانڈرجنرل جان ایلن نے گزشتہ روز افغان صوبے لوگر کا دورہ کیا جہاں انھوں نے 6جون کو نیٹو کے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور کہا کہ انھیں نیٹو کے حملے میں بے گناہ افغان شہریوں کی ہلاکت پر گہرا دکھ ہے۔جان ایلن نے یہ بھی کہا کہ وہ خود بھی صاحب اولاد ہیں لہٰذا وہ متاثرہ خاندانوں کی تکلیف محسوس کرسکتے ہیں،جان ایلن نے کہا کہ وہ افغانستان میں اتحادی افواج کے کمانڈر کی حیثیت سے نہیں بلکہ افغان عوام کے خادم کے طور پر تعینات ہیں اور وہ اس ذمے داری کو سنجیدگی سے لیتے ہیں،انھوں نے کہا کہ وہ 6جون کو ہونے والے نیٹو حملے پر ہر شخص سے معافی مانگتے ہیں اور یہ یقین دلاتے ہیں کہ اس سانحے کی مکمل تحقیقات کرائی جائے گی اور یقینی بنایا جائے گا کہ اس قسم کے واقعات مستقبل میں پیش نہ آئیں۔