25 مئی ، 2016
حکومت اور اپوزیشن نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے ٹی او آر کا تبادلہ کر لیا، کل سے باضابطہ کام شروع ہوگا۔ بیرسٹر اعتزاز احسن کہتے ہیں قوم کو مایوس نہیں کریں گے، اتفاق رائے ہو گیا تو تحقیقات کا فورم کوئی اور بھی ہو سکتا ہے، تاہم حکومت نے چیف جسٹس پاکستان کا فورم منظور کیا ہے۔
معاملہ ہے پاناما لیکس کی تحقیقات کا طریقہ کار طے کرنے کا، حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ٹی او آرکمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔طے پایا ہے کہ ٹی او آرکمیٹی کا اجلاس ان کیمرا ہوا کرے گا، چیئرمین کوئی نہیں ہو گا،ٹی او آر اتفاق رائے سے طے ہوں گے، کثرت رائے سے نہیں، تحقیقات کے لیےترجیحات کا تعین کمیٹی کرے گی۔
حکومتی رکن اور وفاقی وزیر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ فیصلہ اتفاق رائے سے کریں گے۔ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس اب جمعرات کی صبح11بجےہو گا،کمیٹی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دو ہفتوں میں کام مکمل کر لیا جائے گا۔