25 مئی ، 2016
کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ لاہور پہنچ گیا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، کرپٹ اشرافیہ کی وجہ سے عوام مسائل کا شکار ہیں۔
جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان مہم کے تحت ٹرین مارچ کا آغاز پشاور سے ہوا،امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں تین سو سے زیادہ کارکن پشاور سے روانہ ہوئے۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ وہ ملک سے کرپشن ختم کرکے عوام کا لوٹا ہوا مال واپس لائیں گے۔ٹرین مارچ کے شرکا کا نوشہرہ ریلوے اسٹیشن پر استقبال کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے راولپنڈی پہنچنے پر بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس پر بااختیار عدالتی کمیشن نہ بنایا گیا تو عوام کا رخ اسلام آباد کی جانب ہوسکتا ہے۔
گوجرانوالا ریلوے اسٹیشن پر سراج الحق نے مختصر خطاب میں کہا کہ پنجاب دیگر صوبوں کا بڑا بھائی ہے، اگر بڑا بھائی صحیح راستے پر چلے گا تو باقی بھی اسی راستے پر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کرپشن کے خلاف ان کا ساتھ دیں، 20 کروڑ پاکستانی علاج سے محروم ہیں، یہاں سے پیسا چرایا جاتا ہے اور پاناما میں چھپایا جاتا ہے، حکمرانوں سے کہتا اگر انہوں احتساب کے لیے پیش نہیں کیا تو عوام اسلام آباد کا رخ بھی کرسکتے ہیں۔
جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ جمعرات کو لاہور سے روانہ ہوگا اور پنجاب کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا سندھ میں داخل ہوگا۔