26 مئی ، 2016
پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی میں رنگ و نسل کی بنیاد پر لوگوں کو مارا جا رہا ہے، شہر پر دشمن کے ایجنٹ کا قبضہ ہے،اب کوئی رحمان ملک آکر ہمیں لولی پاپ نہیں دے سکتا۔
مصطفیٰ کمال میٹ دی پریس میںکراچی پریس کلب آئے جہاں انہوں نے کراچی شہر کی صورتحال پربات کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے لیاری، اورنگی اور بلدیہ ٹاؤن کے علاقوں میں پانی کی لائنیں ڈالی گئی ہیں آج وہاں سیکڑوں ہائیڈرنٹ کے ذریعے پانی چوری ہو رہا ہے، 38 وینٹی لیٹر سے لیس عباسی شہید اسپتال میں آج مریضوں کو دوا تک نہیں مل رہی، کچرا اٹھانے والی ایک ارب سے زائد گاڑیوں سے سامان تک چوری کر لیا گیااور تو اور بیواؤں اور پینشنرز کیلئے مختص ڈھائی ارب روپے بھی کھا لئے گئے لیکن وہ شہر کو لٹنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ را کے ایجنٹوں نے شہر کو کہیں کا نہیں چھوڑا، منظم طریقے سے شیعہ، سنی، وکلاء اور ڈاکٹروں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی،انہوں نے وارننگ دی کہ اپنا قبلہ درست کرلو ورنہ عید کے بعد لائحہ عمل دیں گے ۔
مصطفی کمال نے واضح کیا کہ ’را‘ کے ایجنٹ اب سب کے سامنے آ گئے ہیں، ان کے خلاف بات کرنے پر انہیں اسٹیبلشمنٹ کا آدمی کہا جاتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کے کئی شہروں میں دفاتر کھول لئے ہیں، جلد ہی لندن میں بھی اپنی جماعت کا دفتر کھولیں گے۔