29 مئی ، 2016
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے ، مختلف دالوں پر 60سے70روپے فی کلو بڑھا دئیے گئے۔
سکھر شہر میں ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوز اور ناجائز منافع خور عوام کو لوٹنے کے لئے میدان میں آگئے ہیں،خاص طور پر دالوں کی قیمت میں انتہائی اضافہ کردیا گیا ہے۔
اس وقت دال مونگ 110روپے فی کلوسے بڑھا کر 170روپے، دال مسور 90سے140، دال چنا 90سے140، دال ماش 120سے 180، چنا ترکی 70سے 170، چنا دیسی 60سے 140، لوبیا 80سے 140، بیسن 100سے 140روپے فی کلوکردیا گیا ہے۔خریداروں کا شکوہ ہے کہ کسی کو عوام کی فکر نہیں ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت ہر سال عوام کے لئے رمضان کے موقع پر ریلیف پیکیج کا اعلان تو کرتی ہے لیکن مہنگائی کی روک تھام کے لئے عملی طور پر موثر اقدامات نہیں کئے جاتے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خورو نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا اور رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت اور مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہےاور عوام کو اس کا فائدہ ملنا چاہئے۔