06 جون ، 2016
نیکٹا کوفعال بنانے کےلیے کوششیں جاری ہیں اور اس کےجوائنٹ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کی تکمیل جلد ممکن ہوسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے فوج نے حاضر سروس بریگیڈیئر سمیت اہم فوجی انٹیلی جنس اداروں کے 50 افسران نامزد کردیے ہیں۔
جیو نیوز کے نمائندے اعزاز سید کے مطابق حکومت پاکستان نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حالیہ بجٹ 2016-17 میں دس کروڑ نوے لاکھ سے زائد رقم مختص کی ہے، جس کا مقصد قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی(نیکٹا) کو دوبارہ سے فعال اور مستحکم بناناہے۔
جے آئی ڈی کے لیے انٹیلی جنس بیورو(آئی بی)، صوبائی پولیس کی انٹیلی جنس اور اسپیشل برانچ پہلے ہی اپنے افسران کے نام دے چکی ہیں۔
پولیس کے گریڈ 22 کےافسر احسن غوری کو جے آئی ڈی کا سربراہ نامزد کیا جاچکا ہے۔ تاہم کچھ ماہرین نے اس ادارے کی قانونی حیثیت پر انگلی بھی اٹھائی ہے۔