07 جون ، 2016
بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی آج امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ وہ امریکی کانگریس سے بھی خطاب کریں گے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی تین روزہ دورے پر ریاست میری لینڈ کے اینڈریوز بیس پہنچے جہاں ان کا استقبال امریکا کی نائب چیف پروٹوکول افسر نے کیا۔
امریکا میں بھارتی سفیر ارون سنگھ اور بھارت میں امریکی سفیر رچرڈ راہول ورما بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
بھارتی وزیر اعظم آج وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر اوباما سے ملاقات کے علاوہ کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے ۔ یہ صدر اوباما اور نریندر مودی کے درمیان دو برسوں کے دوران ساتویں ملاقات ہوگی ۔بدھ کی شام نریندر مودی میکسیکو روانہ ہوجائیں گے۔
نریندر مودی امریکی کانگریس سے خطاب کرنے والے بھارت کے پانچویں وزیراعظم ہوں گے ۔ نریندر مودی اپنے دورے کے دوران امریکی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے بھی ملاقات کریں گے ۔