07 جون ، 2016
پاکستان اور ترکی کے درمیان اہم دفاعی معاہدے طے پانے کا امکان ہے،آگسٹا 90 بی آبدوزوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا، ٹی 129 جنگی ہیلی کاپٹر، اے ڈی اے اسٹیلتھ بحری جنگی جہاز بھی خریدے جائیں گے۔
ذرائع وزارت دفاع کے مطابق ترک وزیر دفاع کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران مختلف معاہدوں کے سلسلے میں حتمی امور پر بات چیت کی گئی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف سے ملاقات میں ترکی نے پاک بحریہ کی تین آگسٹا 90 بی خالد کلاس آبدوزوں کو اپ گریڈ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ آبدوزوں کی اپ گریڈیشن سے متعلق معاہدے پر اسی ماہ دستخط کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ترکی سے چار اے ڈی اے کلاس اسٹیلتھ بحری جنگی جہاز بھی خریدے گا۔ یہ جنگی جہاز دس سال کے عرصے میں کراچی میں تیار کیے جائیں گے۔
پاکستان ترکی سے کثیرالامور ٹی 129 جنگی ہیلی کاپٹر بھی خریدے گا۔ یہ ہیلی کاپٹر ہر قسم کے موسم میں بہترین کارکردگی دکھانے کا حامل ہے۔ پاکستان یہ ہیلی کاپٹر دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں استعمال کرے گا