07 جون ، 2016
کندھوں پر بار بار اٹھائے گئے چیمپئن کو آخری بار کاندھا دینے کا وقت آگیا، محمد علی کا جنازہ جمعہ کو آبائی شہر لوئی ول میں ہوگا، جنازے میں بل کلنٹن، طیب اردوان، شاہ عبداللہ، اور بہت سے بڑے کھلاڑی شرکت کریں گے۔30ہزار پاس جاری کیے گئے۔
زندگی کے ہر سفر میں چاہنے والوں کا ساتھ رکھنے والے محمد علی کی زندگی کا آخری سفر بھی ان کے ہزاروں مداحوں کے ساتھ ختم ہوگا، کینٹکی میں محمدعلی کے آبائی قصبے لوئی ول میں اپنے ہیرو کے آخری دیدار کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا ہے۔
جمعے کو محمد علی کی تدفین میں شرکت کے لیے اب تک 30ہزار پاس دیے جاچکے ہیں، جنازے میں ترکی کے صدر طیب اردوان، اردن کے شاہ عبداللہ اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن سمیت بہت سی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔
محمد علی کے جنازے کو کاندھا دینے والوں میں اداکار ول اسمتھ، محمد علی کے کزن جان گریڈی، محمد علی کے بھتیجے ابن علی، ان کے بہنوئی کوماوی علی اور محمد علی کے سابق حریف باکسر جمی ایلس شامل ہوں گے۔
اسپورٹس اسٹیڈیم میں جگہ ختم ہونے کی صورت میں لوگ اسٹیڈیم سے باہر بڑی اسکرینز کے ذریعے جنازے اور تدفین کا عمل دیکھ سکیں گے۔