09 جون ، 2012
ٹوکیو … سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ صدر زرداری نے ملک ریاض کو نگراں وزیراعظم بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ جاپان کے 5 روزہ دورے پر ٹوکیو پہنچنے پر سینیٹر مشاہد اللہ خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ارسلان رشوت سازش کیس کی جڑیں ایوان صدر سے جاکر ملتی ہیں ، مصدقہ اطلاعات ہیں کہ صدر زرداری نے ملک ریاض کو نگراں وزیر اعظم بنانے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی جو قدرت نے ناکام بنادی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن سپریم کو رٹ جیسے مقدس ادارے کو تباہ کرنے کی حکومت کی ہر سازش کو ناکام بنادے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بدنام کرنے کیلئے حکومت نے ملک ریاض کے ذریعے سازش تیار کی جسے منصوبہ بندی کے تحت ایک وقت پر منظر عام پر لایا گیا، تاہم چیف جسٹس آف پاکستان نے برقت ازخود نوٹس لیکر مذکورہ سازش کو ناکام بنادیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ملک ریاض کو پارٹی میں اہم پوزیشن دے رکھی ہے، جبکہ ملک ریاض حکمران جماعت کے علاوہ بھی انصاف کا نام لینے والی سیاسی جماعت کی فنڈنگ کرتے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مشاہد اللہ نے کہا کہ ن لیگ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔