10 جون ، 2012
ڈیرہ غازی خان ... ڈیرہ غازی خان میں پانچ لڑکیوں سے مبینہ زیادتی کیس میں نامزد بارڈر لیویز فورس کے تینوں اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ بے گناہ ہیں،کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی، گاڑی کی تلاشی پر لڑکیوں سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔ صدر زرداری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کردی ہے۔لاہور سے پانچ لڑکیاں ڈیرہ غازی خان میں اپنے رشتے دار آصف عمران کے گھر آئی تھیں۔ فورٹ منرو میں سیر و تفریح کے دوران بارڈر لیویز فورس کے اہل کارنے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ڈی سی او نے تھانہ فورٹ منرو کے ایس ایچ او محمد نواز سمیت عملے کو معطل کردیا۔ اور تین لیویز اہل کاروں سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ رات نامعلوم مقام پر جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بارڈر لیویز فورس کے تینوں نامزد اہلکاروں امجدعلی،نوید احمد اور محمد ظفر کا کہنا ہے کہ انھوں نے لڑکیوں سے گاڑی چیک کرنے کا کہا تھا جس پر تلخ کلامی ہوئی۔ لڑکیوں نے دھمکیاں دیں جس کے بعد انھیں چھوڑ دیا گیا تھا۔اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ جان کے خوف سے روپوش ہوئے ہیں اگر شفاف تحقیقات ہو تو وہ کہیں بھی پیش ہونے کو تیار ہیں۔