10 جون ، 2012
لاہور…لاہورکے سروسز اسپتال میں آتشزدگی سے جھلسنے والے دومزید نومولود بچے دم توڑگئے جس کے بعد اس سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے ۔چلڈرن وارڈ کی نرسری میں جمعرات کو بھڑکنے والی آگ نے سات نومولود بچوں کی جان لے لی تھی جبکہ آگ سے متاثرہ دو نوزائیدہ ہفتے کی شام زندگی کی بازی ہار گئے۔ جھلسنے والے 12بچے ابھی اسپتال زیر علاج ہیں جن کی حالت خطرے سے باہربتائی جارہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی خواجہ سلمان رفیق کا کہناہے کہ اس واقعے میں جو بھی ذمہ دار پایا گیا اس کے خلاف کارروائی کریں گے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجاریاض احمدکا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندان وزیراعلیٰ کے خلاف مقدمات درج کرائیں۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ میں سانحے کی تحقیقات کے لیے درخواست دائر کردی گئی ہے جبکہ ،پنجاب حکومت سرکاری اسپتالوں کو 3دن کے اندر بجلی کی وائرنگ چیک کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔