11 جون ، 2012
گدانسک/پوزنان…یورو کپ میں گروپ سی کے میچز میں کروشیا نے آئرلینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے جبکہ اسپین اور اٹلی کا مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔یورو کپ مقابلوں کے تیسرے روز پہلا میچ دفاعی چمپئن اسپین اور اٹلی کے درمیان شریک میزبان پولینڈ کے شہر گدانسک میں کھیلا گیا۔ یہ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔سپین کے لیے یہ نتیجہ مایوس کْن جبکہ اٹلی کے لیے تسلی بخش رہا ہے۔ اسپین گزشتہ دو یورو کپ جیت چکا ہے اور مسلسل تیسری کامیابی پر نظریں گاڑے ہوئے ہے۔اس میچ کا پہلا گول کھیل کے 61ویں منٹ میں اٹلی کی جانب سے این ٹینو نے کیا۔ تاہم اسپین کے سیسک فابریجاس نے تین منٹ بعد ہی میچ برابر کر دیا اور پھر دونوں ٹیموں مزید گول نہ کر پائیں۔کروشیا اور آئرلینڈ کے درمیان یورو کپ کے گروپ سی کا مقابلہ ٹورنامنٹ کے شریک میزبان پولینڈ کے شہر پوزنان میں ہوا۔ کروشیا کے ہاتھوں ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست سے کوارٹر فائنلز تک پہنچنے کے لیے آئرلینڈ کی اْمیدوں کو زبردست دھچکا لگا ہے۔کروشیا نے کھیل کے آغاز پر ہی پہلا گول داغ دیا تھا۔ اس کی جانب سے ماریو نے دو گول اسکور کیے۔ کروشیا اور آئرلینڈ کے کھلاڑیوں پر یہ بات واضح تھی کہ اس گروپ میں ابھی انہیں اٹلی اور اسپین جیسی بڑی ٹیموں کا سامنا کرنا ہے اور اس لیے ایک اچھا آغاز ان کے حوصلے بلند کر دے گا۔