پاکستان
24 جون ، 2016

اثاثے چھپانے پر وزیراعظم کو نااہل ہونا چاہیے،عمران خان

اثاثے چھپانے پر وزیراعظم کو نااہل ہونا چاہیے،عمران خان


 


تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اثاثے چُھپانے پر وزیراعظم کو نااہل ہونا چاہیے, وزیراعظم نے ٹیکس ریٹرنز میں لکھا ہے کہ مریم نواز ان کی زیرکفالت ہیں، پھر مریم نواز نے زیر کفالت ہوتے ہوئے مے فیئر فلیٹ کیسے خریدا۔


پریس کانفرنس سے خطاب میں پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ اگر نواز شریف پاکستان کے اسپتال میں ہوتے تو عیادت کے لیے ضرور جاتا،انہیں گلدستہ بھجوادیا تھا ،اب تو وہ صحت یا ہوچکے ہیں ۔


تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کر دی ہے، اپوزيشن کو بھی ساتھ لے کرچلیں گے، اگر انصاف نہ ملا تو سپریم کورٹ جائیں گے،اپوزيشن اپنے ٹی او آرز پر اکٹھی ہے جبکہ حکومت اپنے ٹی او آرز چاہ رہی ہے ۔


عمران خان کا کہناتھاکہ ڈھائی کروڑ بیلٹ مسنگ تھے ان کی کوئی تفتیش نہیں کی گئی ،الیکشن کمیشن کا رویہ اب تک اتنا بھیانک ہے ، جمہوریت کو اتنا نقصان پہنچایا ہے ۔


انہوں نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم سے کسی نے ان سے استعفی نہیں مانگا تھا لیکن ریفرنڈم میں مخالفت میں ووٹ آنے پر برطانوی وزيراعظم نے استعفی دے دیا ،جو کہتے ہيں کہ ہم جمہوریت کو غیر مستحکم کررہے ہیں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ساری کوششیں ہی جمہوریت کے لیے ہیں ،الیکشن کمیشن میں ہمارا کیس سیدھا سیدھا نااہلی کا کیس ہے ، اگر نہ ہوا تو ہم سپریم کورٹ تک جائیں گے ۔


پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ ہم اپوزيشن کو بھی ساتھ لے کرچلیں گے ،سپریم کورٹ جائیں گے اورسڑکوں پر بھی آئیں گے ، ن لیگ جمہوری پارٹی نہیں ہے ، یہ جب سے اقتدار میں آئے ہیں یہ پاکستان کے قانون توڑ رہے ہیں ، ان کے اوپر ہیلی کاپٹر ٹیکس کا کیس ہے کوئی سنتا ہی نہیں ۔


عمران خان نے مزید کہا کہ پولیس کو ٹھیک کیے بغیر دہشت گردی پر قابو نہیں پاسکیں گے ،ہم نے خیبر پختونخوا میں پولیس سسٹم ٹھیک کیا ہے ۔


انہوں نے ایک سوال پرکہا کہ پرویز رشید کی احمقانہ باتوں پر کیس کرنا چاہیے،دینی مدرسوں میں 22 لاکھ بچے ہیں، کیا انہیں ایسے ہی چھوڑ دیں، کسی نے غلط کیا تو اس کی ریفارمز اور بھی زیادہ ضروری ہیں۔


عمران خان نے مزید کہا کہ جنرل مشرف کو مدرسوں کی ریفارمز کے لیے مغرب سے اربوں روپے ملے، پاکستان کو آگے لانے کے مدرسوں کی ریفارمز کرنا پڑیں گی، سمیع الحق کو ہم پر اعتماد ہے اس لیے فنڈ لیا، وہ مدرسوں کی ریفارمز کےلیے تیار بیٹھے ہیں، صوبائی حکومت نے پیسے مجھ سے پوچھ کر نہیں دیئے۔

مزید خبریں :