04 مئی ، 2024
کراچی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آئی جس میں ملزم نے ہتھوڑا لے کر سکیورٹی گارڈ کو زخمی کرکے اسلحہ چھینا اور قریب میں موجود شہریوں سے بھی لوٹ مار کرکے فرار ہوگیا۔
کھارادر جماعت خانہ کے قریب ہتھوڑا مار ڈاکو سکیورٹی گارڈ اور شہریوں کو لوٹ کر فرار ہوگیا۔
یکم مئی کو ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج جیو نیوز نے حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم نے کرسی پر بیٹھے سکیورٹی گارڈ کو ہتھوڑا مار کر زخمی کیا اور اس سے اسلحہ چھین کر قریب ہی کھڑے شہریوں کو بھی ہتھوڑا دکھا کر لوٹا۔
فوٹیج میں واردات کے کچھ ہی دیر بعد قریب سے پولیس موبائل کو گزرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اس حوالے سے پولیس کا بتانا ہے کہ واردات کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔