26 جون ، 2016
بالی ووڈ کے عشق زادے ارجن کپورآج( 26جون) کو 31ویں سالگرہ منارہے ہیں،26جون1985ء کو بھارتی ریاست مہارشٹرا کے شہر ممبئی میں مونا شوری اور بونی کپور کے گھر جنم لینے والے ارجن کپور بالی ووڈ کی نامور ہیروئن سری دیوی کے سوتیلے بیٹے ہونے کیساتھ ساتھ انیل کپور اور سنجے کپور کے بھتیجے اور سونم کپور کے کزن ہیں۔
بارہویں جماعت میں فیل ہونے کے بعد تعلیم سے قطع تعلق کرنیوالے ارجن کپور کی بالی ووڈ میں آمدبحیثیت اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہوئی اور انہوں نے ـ’کل ہونا ہو‘ ،’نو اینٹری‘،’سلامِ عشق‘ اور’’وانٹڈ‘‘ جیسی فلموں کے ہدایتکاروں کیساتھ کام کیا۔
بحیثیت ہیرو ارجن کی پہلی بالی ووڈ یش راج بینر کی عشق زادے رہی جس میں ان کے مد مقابل پری نیتی نے مرکزی کردار اداکیا اور فلم باکس آفس پر ہٹ ثابت ہوئی۔عشق زادے کے بعد ارجن کی دوسری فلم اورنگزیب باکس آفس پر خاطرخواہ کامیابی نہ حاصل کرسکی تاہم فلم میں ڈبل رول نبھاتے ارجن کپور کی کارکردگی کو بیحد سراہا گیا۔
ارجن کپور کی دو فلمیں رنویر سنگھ اور پریانکا چوپڑا کیساتھ غنڈے جبکہ عالیہ بھٹ کیساتھ ٹو اسٹیٹس ریلیز ہوئیں جنہوں نے باکس آفس پر خوب بزنس کیا۔عشق زادے کیلئے نئے اداکار کے کئی ایوارڈز سمیٹنے والے ارجن کپور دپیکا پڈکون کیساتھ فائنڈنگ فینی جبکہ سوناکشی سنہا کیساتھ تیور میں کرینا کپور کیساتھ کی اینڈ کا میں بھی کام کر چکے ہیں۔