29 جون ، 2016
کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے کراچی میں پولیو کے خاتمہ کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے اقدامات کو مؤثر بنایا گیا ہے ۔
محکمہ صحت ، انتظامیہ اور عالمی پارٹنرز پولیو کے خاتمہ کے لئے مشترکہ کوششیں کررہے ہیں امید ہے کہ جلد پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ہوگا اورپاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کی کوششیں بار آور ہوں گی ۔
وہ اپنے دفتر میں روٹری انٹرنیشنل کے وفد سے ملاقات کر رہے تھے کمشنرکراچی نے کہا کہ پو لیو پلانے سے انکار کرنے والوں کی تعداد میں حو صلہ افزا انداز میں کمی ہوئی ہے۔ ان کوششوں کو موثر بنانے کے لیئے ہر ممکنہ کوشش کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میںعلما کرام، مذہبی رہنمائوں ، علاقہ کے معزز افراد کا تعاون حاصل کیا گیا ہے۔
کمشنر نے انسداد پو لیو کے لئے روٹری انٹرنیشنل کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی کوششوں میں عالمی پارٹنرز کا تعاون قابل قدر ہے۔
وفد نے پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کے لئے حکومت اور انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ روٹری انٹرنیشنل پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کے لئے ہر ممکنہ تعاون جاری رکھے گی۔
وفد میں مائیکل کے مک گورن، کیرول پانڈک، جوڈتھ ڈیمنٹ ، عزیز میمن، مسعود بھالی، اویس کوہاری،اور اشعر علی بھی مو جو د تھے۔