پاکستان
05 جولائی ، 2016

کراچی کے سیلون میں نوجوانوں نے ڈیرا جما لیا

کراچی کے سیلون میں نوجوانوں نے ڈیرا جما لیا

 


لد گئے وہ زمانے جب خوبصورتی کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑنے کا جنون لڑکیوں اور خواتین تک محدود تھا، اب یہ ہوکا نوجوانوں اور مردوں میں بھی اُتنی ہی شدت سے دیکھا جاسکتا ہے۔


اس عید پر بال ایسے کٹائوں کہ ویسے، ڈائی کراتے وقت کون سا شیڈ ، ڈیشنگ لگے گا؟ فیشل اور بلیچنگ کیلئے شہر کے کون سے سیلون میں جایا جائے اور کون ہے وہ میک اپ آرٹسٹ جو شخصیت کو اتنا شاندار اور چہرے کو اتنا چمک دار بنادے کہ دیکھنے والوں کا منہ عیدی بانٹنے والے بٹوے کی طرح کھلاکا کھلا رہ جائے۔


یہ ہے وہ زوردار تجسس جس میں لڑکیوں کے بعد اب کراچی کےلڑکے بھی سر سے پائوں تک ’’لتھڑے‘‘ ہوئے ہیں۔عید پر اپنے آگے دوسروں کی دال کسی صورت نہ گلے، یہ ہے وہ ریس جس کے سبب کراچی کے مین ز سیلونز میں نوجوانوں نے ڈیرہ جمایا ہوا ہے۔ سب کی خواہش یہی ہے کہ عید پر شخصیت کا ششکا ایسا ہو کہ "کوئی جل گیا اور کسی نے دُعا دی" کی مثال بن جائیں۔


چاند سے دمکتے چہرے کی خواہش لیے سیلون کی آرام دہ کرسیوں پر جمے مردوں نے تہیہ کررکھا ہے کہ اس بار مقابلہ حسن میں صنف نازک کو ٹف ٹائم دیں گے۔ نوجوانوں کو امید ہے کہ اس عید پر چاند سا مکھڑا لے کر یہ اپنی اپنی "چاندنی" کو لبھانے میں کامیاب رہیں گے-


اچھا نظر آنے کی خواہش اچھی بات ہے اور اس پر مردوں کا بھی اُتنا ہی حق ہے جتنا خواتین کا، لہٰذا اگرآپ بھی کسی سیلون کا رُخ کرنے والے ہیں تو شرمانے کی کوئی ضرورت نہیں، شوق سے جائیے۔

مزید خبریں :