12 جون ، 2012
اسلام آباد… برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ نیٹو سپلائی کی بندش پر بر طانیہ کو تشویش ہے ، یہ پاکستان اور امریکا کا باہمی مسئلہ ہے تاہم اسے حل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں پاک برطانیہ وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی جس کے بعد مشترکا نیوز کانفرنس میں ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور پاکستان کی شراکت دار ی مختلف شعبوں سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے بھی ہے، پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ، برطانیہ امریکا کا مضبوط اتحادی اور پاکستان کا گہرا دوست ہے۔نیٹو سپلائی بحالی پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک اہم مسئلہ ہے، ہم یقیناً اس مسئلے کو حل ہوتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی پارلیمنٹ کی سفارشات کی مطابق کی جائے گی ، پاک امریکا مذاکرات جاری ہیں، امید ہے کسی قابل قبول حل پر پہنچ جائیں گے۔ پاکستان افغانستان اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ایک سہولت کار کا کردار ادا کرتا رہے گا، پاک برطانیہ مذاکرات میں تجارت، مائیکرو اکنامک استحکام ، تعلیم صحت، دفاع اور ثقافتی تعاون کے فروغ پر بات کی گئی ، ولیم ہیگ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئندہ انتخابات نہایت اہم ہیں، برطانیہ ان انتخابات کا جائزہ لے گا جب کہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ برطانیہ پاکستانی مصنوعات کی یورپی منڈیوں تک رسائی اور جی ایس پلس اسکیم کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔