دنیا
13 جون ، 2012

پاکستان سے بات چیت بند نہیں ہوئی، ترجمان پینٹاگون

پاکستان سے بات چیت بند نہیں ہوئی، ترجمان پینٹاگون

واشنگٹن ... امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ مذاکراتی ٹیم کی واپسی کے باوجود نیٹو سپلائی روٹس کی بحالی کے لئے پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ معاہدے کے کئی نکات پر اتفاق ہوچکا ہے لیکن اب بھی کچھ کام باقی ہے ۔پینٹا گون کے ترجمان جارج لٹل اور کیپٹن جان کربی نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ نیٹو سپلائی روٹس کی بحالی کے لئے پاکستان کے ساتھ بات چیت بند نہیں ہوئی۔ مذاکراتی ٹیم اگرچہ واپس آگئی ہے۔ لیکن پاکستان میں پینٹا گون کے نمائندہ دفتر کے ذریعے بات چیت جاری ہے۔ ترجمان نے امید ظاہر کی کہ مذاکراتی ٹیم مختصر عرصے کے لئے واپس آئی ہے اور جلد ہی سپلائی روٹس دوبارہ کھل جائیں گے جس کے بعد توقع ہے کہ امریکی حکام مستقبل قریب میں معاہدے پر دستخط کے لئے واپس اسلام آباد جائیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ کئی تکنیکی معاملات پر پاکستان کے ساتھ اتفاق ہوچکا ہے۔ کچھ امور ایسے ہیں جن پر ابھی مزید کام ہونا ہے۔ تاہم انہوں نے طے شدہ یا متنازع نکات کی تفصیل نہیں بتائی۔ ترجمان پینٹاگون کا کہنا تھا کہ اس وقت مذاکرات اس موڑ پر ہیں جہاں پاکستان کی سیاسی قیادت کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اسٹریٹجک اعتبار سے کہاں جانا چاہتے ہیں۔ ترجمان پینٹاگون نے سلالہ حملے پر پاکستان سے معافی مانگنے کے سوال پر کہا کہ امریکا اپنی غلطی قبول کرچکا ہے اور وہ پھر کہتے ہیں کہ سلالہ کے واقعے پر انہیں افسوس ہے لیکن وہ کسی پبلک فورم پر اس سوال کا جواب نہیں دے سکتے۔

مزید خبریں :