13 جون ، 2012
وروکلا ... یورو کپ 2012 میں کھیلے گئے ایک اہم میچ میں جمہوریہ چیک نے یونان کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی۔ روس اور پولینڈ کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا پولینڈ میں میچ کے آغاز سے ہی جمہوریہ چیک نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور تیسرے منٹ میں پہلا گول کردیا۔ صرف تین منٹ بعد ہی جمہوریہ چیک نے دوسرا گول کرکے برتری مزید مستحکم کردی۔ دوسرے ہاف کے 8ویں منٹ میں یونان نے گول کرکے خسارے کو کم کیا لیکن مقررہ وقت ختم ہونے تک میچ کا نتیجہ دو ایک کے اسکور سے جمہوریہ چیک کے حق میں رہا۔ یورو کپ کا دوسرا میچ روس اور پولینڈ کے درمیان کھیلا گیا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا۔ میچ دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر موجود تھے۔ میچ شروع ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے مداح آپس میں لڑ پڑے۔ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا جس سے دس افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دنگا فساد کرنے کے الزام میں سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔