پاکستان
18 جولائی ، 2016

یہاں ترکی جیسا ہوا تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،پرویز الہٰی

یہاں ترکی جیسا ہوا تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،پرویز الہٰی

 


مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہاں ترکی جیسا ہوا تو لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے اور حکمرانوں کو چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔


یہ بات انہوں نے وزیرآباد میں ایک تقریب سے خطاب میں کہی۔انہوں نے کہا کہ حکمراں اور ان کے ساتھی ہر وقت جمہوریت کا راگ الاپتے ہیں لیکن آرمی چیف کے بینرز دیکھ کر ان کی ٹانگیں کانپ جاتی ہیں۔


پرویزالٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کسانوں سمیت ہر شعبے کے لوگوں سے دھوکا کیا ہے،غریب آدمی اور اس کے بچوں کیلئے تعلیم ہے نہ دوائی، انہیں صرف خودکشیاں دی جا رہی ہیں۔


انہوں نے کہا کہ آج ہر ادارہ تباہی کی طرف گامزن ہے، ترکی میں حکومت نے عوام کیلئے کام کیا، طیب اردگان کی حکومت نے ملک کے تمام قرضے ختم کیے جبکہ ن لیگ کی حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے ہیں۔


انہوں نے یہ بھی کہا کہ ساری سیاسی جماعتیں ایک ایجنڈے پر جب تک جمع نہیں ہوں گی تب تک کچھ حاصل نہیں ہو گا۔


الیکشن کمیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ایسے ارکان کو منتخب کرنا چاہئے جو اس کے اہل ہوں اور عوام کو بھی ان پر اعتماد ہو۔

مزید خبریں :