13 جون ، 2012
ملتان … ملتان میں وکلاء نے ملک ریاض کی پریس کانفرنس کے رد عمل میں عدالت کا بائیکاٹ کیا ریلی نکالی اور اہم حکومتی شخصیات کے پتلے بھی نذر آتش کئے۔ ملتان میں ہائی کورٹ بار سے وکلاء نے ایس پی چوک تک ہائی کورٹ بار کے صدر محمود اشرف خان کی قیادت میں ریلی نکالی جہاں وکلاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی اور اہم حکومتی شخصیات کے پتلے بھی نذر آتش کئے ۔ اس سے پہلے ہائی کورٹ بار میں جنرل باڈی کا اجلاس منعقد کیا گیا جہاں عدلیہ کے وقار کے لئے تحریک دوبارہ شروع کرنے کا عزم کیا گیا اس موقع پر وکلاء رہنماوٴں کا کہنا تھا کہ حکومت عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنے کے لئے گھناوٴنا کھیل کھیل رہی ہے 14 جون کو اسلام آباد میں وکلاء رہنماوٴں کے اجلاس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا آج ہائی کورٹ بار میں وکلاء نے مکمل ہڑتال کی اور عدالتوں کا بائیکاٹ بھی کیا۔