21 جولائی ، 2016
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی پوری دنیا کا اثاثہ تھے عوام کو چاہئے وہ ایسے لوگوں کو منتخب کرے جو ان کی امیدوں کی ترجمانی کرسکیں۔
عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ان کے بیٹے فیصل ایدھی سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم پاکستان کی حیثیت سے عبدالستار ایدھی کو نوبل پرائز دینے کیلئے لکھا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ ٹھیک فیصلے کرتے ہوئے عوام کی فلاح کیلئے کام کرنے والے افراد کو منتخب کریں ۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جب سے ہوش سنبھالا ہے تب سے عدالتوں کا سامنا کررہے ہیں ،ہم نے1973ء کے آئین کے مطابق اداروں کو مضبوط کیا۔
انھوں نے کہا کہ اگر ادارے آئین کے دائرے میں رہ کر کام کریں گے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ مجھ پر جھوٹے کیسز بنے سزا ہوئی بعد میں باعزت بری ہوا، جس کے بعد ایک مرتبہ پھر کیسز بننا شروع ہوگئے جو کہ انصاف پر مبنی نہیں۔
سندھ میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے پوچھے گئےایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ صوبائی حکومت کا معاملہ ہے میں اس پر بات نہیں کرونگا۔