21 جولائی ، 2016
کراچی میں وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت سرکاری وکیل کی عدم موجودگی کے باعث 25 اگست تک ملتوی کردی۔ٹڈاپ اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی و دیگر پر کروڑں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔
ٹڈاپ اسکینڈل کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اوردیگر ملزمان وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش ہوئےتاہم سرکاری وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو بیٹے کی بازیابی پر مبارک باد بھی دی۔اس موقع پر ان کا کہناتھا کہ خوشی ہے کہ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا بیٹا ایک ماہ میں بازیاب ہوا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کے وکیل بیرسٹرفاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ بیٹے کی بازیابی میں وکلاء کا بھی کردار ہے۔
ٹڈاپ کیس میں یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف 26مقدمات کا چالان پیش کیا جا چکا ہے۔یوسف رضا گیلانی کو 23 مقدمات میں ملوث کیا گیا ہے جبکہ 3مقدمات میں سابق وزیر اعظم بطور ملزم شامل نہیں ہیں۔