22 جولائی ، 2016
کراچی کے سہانے موسم نے شہریوں کو کام کاج چھوڑ کر پکنک کیلئے سمندر کا رُخ کرنے پر مجبور کردیا،شہری کہتے ہیں کہ ہم خود نہیں آئے، خوشگوار موسم ہمیں ساحل پر کھینچ لایا ہے۔
کراچی میں چند روز سے موسم دلفریب ہے، بادل چھائے ہوئے ہیں،جبکہ آج صبح ہونے والی پھوار نے موسم کو مزید دلفریب بنادیا ہے، ایسے خوبصورت موسم میں شہری بھلا گھر میں کیسے بیٹھ سکتے ہیں۔
خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد نے ہاکس بے کا رخ کیا،جہاں سمندر کی لہروں سے اٹکھیلیاں کرکے اور ٹھنڈی ہواوں کے مزے لے کر موج مستی کی۔
کچھ شہریوں نے موسم کو رومینٹک قرار دیتے ہوئے گانا گا کراپنی محبت کا اظہار بھی کیا،شہری کہتے ہیں کہ کراچی کا ایساخوبصورت موسم کبھی کبھار ہی ہوتا ہے لہٰذا سب ہی کو موسم انجوائے کرنے کیلئے سمندر چاہیے۔
موسم نے تیور بدلے تو شہریوں کے موڈ بھی خوشگوار ہوگئے،کراچی کے منچلے شہریوں نے سارا دن سمندر میں نہا کر اور موسم سے لطف اندوز ہوکر گزارا۔