22 جولائی ، 2016
وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال کے مبینہ فرنٹ مین اسد کھرل کو حیدرآباد سے گرفتار کر لیا گیا، گرفتاری کیسے ہوئی؟ ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کیا؟ یا رینجرز نے گرفتار کیا؟ نہ تو سندھ حکومت نے گرفتاری سے متعلق کوئی مؤقف دیا اور نہ ہی رینجرز کا کوئی بیان سامنے آیا۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنےوالے ادارے کے اہل کاروں نےوزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کے بھائی طارق سیال کے قریبی دوست اسد کھرل کو حیدرآبادسےگرفتارکرلیا ۔
اسد کھرل کی گرفتاری سے متعلق باوثوق ذرائع نے انکشاف کیا کہ اسد کھرل نے تین روز قبل وزیر داخلہ سندھ کے حکم پر قاسم آباد کے ایک بنگلے میں سینئر پولیس افسر سے ملاقات کی تھی۔
اس ملاقات کے بعد پولیس افسرنے انہیں اپنی گاڑی میں بٹھاکرقانون نافذ کرنے ادارے کے ایک افسر کے حوالے کیا، ان سے لاڑکانہ میں کرپشن، رینجرز کی تحویل سے ملزمان کو چھڑانے سمیت سیاسی شخصیات کی مبینہ کرپشن کے متعلق تحقیقات جاری ہیں، رابطہ کرنے پر ایس ایس پی حیدرآباد نے اسد کھرل کی گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کی۔
اسد کھرل کی گرفتاری کی اطلاعات گزشتہ رات سے گردش میں ہیں مگر اس بارے میں حکومت سندھ نے خاموشی اختیار کررکھی ہے جبکہ رینجرز حکام نے بھی اسد کھرل کو گرفتار یا تحویل میں لیے جانے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔