13 جون ، 2012
اسلام آباد…وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے ملک میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں تاہم واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کے لیے 40 سے 50 ارب روپے فوری درکار ہیں۔ وزیر اعظم گیلانی کی زیر صدارت وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک میں توانائی کی صورت حال کے جائزے کے ساتھ ایسے اقدامات پر غور کیا گیا جن پر عمل درآمد سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ ممکن ہو۔ذرائع نے بتایا کہ واپڈا حکام نے واضح طور پر وفاقی کابینہ کو آگاہ کیا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کے لیے 300 ارب روپے چاہئیں، جبکہ لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی کے لیے اسے فوری 40 سے 50 ارب روپے درکار ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ واپڈا حکام نے معذرت کی کہ اِس رقم کی فراہمی کے بغیر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم نہیں کیا جا سکتا،اِس پر وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کے حکام کو مالی وسائل کی فراہمی کا انتظام کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وفاقی کابینہ نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان سزا یافتہ ملزموں کے منتقلی کے معاہدے کی بھی توثیق کی جبکہ سعودی عرب کی یونیورسٹی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے درمیان تعاون کے معاہدے کی یاداشت اور پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی یاداشت کی منظوری بھی دی۔