پاکستان
01 اگست ، 2016

سندھ کے نومنتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی پُھرتیاں

سندھ کے نومنتخب وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی پُھرتیاں

سندھ میں وزارتِ اعلیٰ کی کرسی سے اونگھنے اور سونے کے آثار غائب ہوگئے، نومنتخب وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے جاگتے اور کام کرتے رہو کا الارم بجادیا۔


مراد علی شاہ پہلے روز ہی وقت پر دفتر آئے،ایک ہی ہلے میں کئی کام نمٹائے اور تو اور کرنے کے کام بتانے کے لیے سندھ کابینہ کا واٹس ایپ گروپ بھی بنا دیا،تاکہ گڈ گورننس کے لیے سوشل میڈیا کو بھی استعمال کیا جاسکے۔


سندھ میں وزارتِ اعلیٰ کی کرسی سے ’قدامت کے آثار‘ مٹتے ہی جدت کے رنگ چڑھنے لگے،سید مراد علی شاہ باتوں کے بجائے عمل سے ثابت کرنے لگے کہ اب صوبے میں گورنس کا منظر بدلنے والا ہے۔


عمررسیدہ نرمی اور چشم پوشی کے زمانے گئے،اب ہر آن چوکس اور ہر ایک سے پوچھ گچھ کرنے والی جوان سختی سے پالا پڑنے والا ہے،پیر کو وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کیلئے نکلے تو سب سے پہلے کیا پروٹوکول کا ڈبا گول،یعنی 9 پولیس موبائلوں میں سے 5 کو واپس بھجوادیا۔


مراد علی شاہ کی ایک اور جدت یہ کہ انہوں نے اپنی کابینہ میں شامل تمام وزراء کا واٹس ایپ گروپ بنایا ہے، تاکہ سب سے ہر وقت رابطے میں رہیں اور کرنے کے کام بتاتے رہیں۔


نومنتخب وزیر اعلیٰ کی دفتری مصروفیت کو لیں تو پہلے دن انہوں نے محکمۂ انسداد دہشت گردی کے سربراہ ثناءاللہ عباسی سے محکمے کی کارکردگی معلوم کی، منظور وسان اور سینیٹر رحمان ملک سے حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا اور اہم اجلاس بلاکر صوبے میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات کی سمری منظور کی،اس سے قبل وہ لیجنڈ کرکٹر حنیف محمد کی عیادت کیلئے بھی گئے اور دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔


خربوزے کو دیکھ کر خربوزہ رنگ پکڑتا ہے،وزیر اعلیٰ سندھ نے پھرتیاں دِکھائیں، تو صوبائی کابینہ میں شامل وزراء بھی متحرک ہوگئے، سب نے اپنا اپنا کام شروع کردیا،وزیراعلیٰ سندھ کی دیکھا دیکھی، صوبائی کابینہ میں شامل دیگر وزراء میں بھی کچھ کردِکھانے کا عزم جوان ہوگیا۔


صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو صبح سویرے اُٹھے، پروٹوکول کو ایک طرف رکھا اور صحافیوں کے ساتھ بس میں بیٹھ کر حب ڈیم پہنچ گئے جہاں کراچی کیلئے یومیہ 45 ملین گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کرڈالا۔


وزیر صحت سکندر میندھرو سول اسپتال پہنچے اور انتظامیہ سے بریفنگ لینے کے بعد علاج معالجے کی سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کی۔


وزیر تعلیم جام مہتاب وقت پر دفتر پہنچے، اساتذہ کو وقت پر اسکول پہنچنے کا حکم دیااور تمام بند اسکول کھولنے کے عزم کا اظہار بھی۔


وزیر ایکسائز سندھ مکیش چاولہ نے آؤ دیکھا نہ تاو، اچانک موٹر رجسٹریشن ونگ کے دورے پر پہنچ گئے، افسران کو لائن حاضر کیا، عوام کو ہرممکن سہولتیں فراہم کرنے کی تاکید کی اور سندھ کے تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز کا اجلاس کل کراچی میں طلب کر لیا۔


صوبائی مشیر برائے محنت سینیٹر سعید غنی سندھ سیکریٹریٹ پہنچتے ہی بولے، تمام صوبائی وزراء اپنے اپنے دفاتر میں بروقت حاضری یقینی بنائیں، جو وزیر تاخیر سے آئے گا، اُسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :