کھیل
04 اگست ، 2016

برمنگھم ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل،محمد حفیظ صفر پر آئوٹ

برمنگھم ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل،محمد حفیظ صفر پر آئوٹ


 


برمنگھم ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل جا ری ہے جہاں پاکستان کو ابتداء میں ہی محمد حفیظ کا نقصان اٹھانا پڑاہے جب جیمز انڈرسن نے پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر انہیں پویلین بھیج دیا،محمد حفیظ کھاتا کھولے بغیر ہی لوٹ گئے،اس وقت پاکستان کا مجموعہ بھی صفر ہی تھا۔


میچ کے پہلے روز پاکستان بولرز نے نے اپنا کام سرانجام دے دیا تھا اور انگلش ٹیم کو بڑے اسکور سے روک دیا تھا تاہم اب پاکستانی بیٹسمینوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہیں۔
اس سے پہلے پاکستان کے سہیل خان نے برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے روز انگلینڈ کے پانچ وکٹ اڑا دیے، ان کی فائیو اسٹار پرفارمنس کے سامنے انگلش ستارے ماند پڑ گئے۔ ہوم ٹیم 297رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ پانچ سال کے صبر آزما انتظار کے بعد ٹیسٹ سائیڈ میں آنے والے سہیل خان نے23اوورز میں96رنز دے کر آدھی انگلش ٹیم کو فارغ کیا۔


گیری بیلنس نے70اور معین علی63رنز بنائے ، محمد عامر نے دوسری نئی گیند پر دو وکٹ حاصل کئے۔ راحت علی نےبھی دو وکٹ لئے، یاسر شاہ کو ایک وکٹ ملی۔ کیریئر کے ابتدائی دو ٹیسٹ میں سہیل خان کو ایک وکٹ ملی تھی۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے پانچ کیچ لے کر پچھلے ٹیسٹ کی ناکامیوں کا ازالہ کردیا۔ 1971میں لیڈز میں وسیم باری نے پانچ کیچ لئے تھے۔


ابر آلود موسم کے باوجود پاکستانی بولروں گیند کو سوئنگ کرانے میں ناکام رہے۔278رنز7 وکٹ پر پاکستان نے دوسری نئی گیند لی اور پہلی ہی گیند پر عامر نے اسٹیورٹ براڈ کو سلپ میں کیچ آوٹ کرادیا، اظہر علی نے ان کامشکل کیچ لیا۔


معین علی اور براڈ نے 47گیندوں پر32رنز کی شراکت قائم کی، براڈ کا حصہ13رنز کا رہا، گیری بیلنس نےپچاس رنز113گیندوں پر 8چوکوں کی مدد سے بنائے۔ معین علی کو امپائر نے یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آوٹ قرار دے دیا تھا لیکن وہ ریویو نے انہیں بچالیا ۔ معین علی نے 29ویں ٹیسٹ میں چھٹی نصف سنچری99گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے بنائی۔


گیری بیلنس اور معین علی نے 66رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ آوٹ آف فارم ایلکس ہیلز سہیل خان کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔ اگلے ہی اوور میں سہیل خان نے دوسرے ٹیسٹ کے ہیرو جوروٹ کو تین رنز پر سلپ میں حفیظ کا کیچ بنا کر انگلش کیمپ میں سنسنی پھیلا دی۔


گیری بیلنس اور جیمز ونس نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 69 رنز بنائے۔ ونس 39 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ انگلش کپتان الیسٹر کک نے 45رنز کی اچھی اننگز کھیلی۔ انھیں راحت علی نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ لنچ پر انگلینڈ کا اسکور تین وکٹ پر ایک سو رنز تھا۔ لنچ کے بعد سہیل خان نے دو وکٹ چھ رنز کے عوض دس گیندوں پر حاصل کیں۔ 


 

مزید خبریں :