09 اگست ، 2016
شاعر، نغمہ نگار اور اسکرپٹ رائٹر جاوید اختر نے کہا ہے کہ نصیرالدین شاہ کو کامیاب لوگ پسند نہیں اور انہوں نے کبھی کسی کامیاب شخص کی تعریف نہیں کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران جاوید اختر کا کہنا تھا کہ نصیرالدین شاہ ہر اداکار پر تنقید کرتے ہیں، وہ اس سے قبل دلیپ کمار اور امیتابھ بچن کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل نصیرالدین شاہ نے اپنے ایک انٹرویو میں بولی ووڈ کے کامیاب اداکار راجیش کھنہ کو ’برا اداکار‘ کہا تھا۔
اس بیان کے بعد راجیش کھنہ کی بیٹی ٹوئنکل کھنہ نے نصیر الدین کے خلاف ٹوئٹر پر سخت ردعمل ظاہر کیا، تاہم نصیرالدین شاہ نے بعدازاں اپنے بیان پر معافی مانگ لی تھی۔
ٹوئنکل کھنہ کے شوہر اکشے کمار نے اس حوالے سے کہاتھا کہ نصیرالدین شاہ نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی، لہذا یہ قصہ ختم ہوگیا تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ بولی ووڈ کی کچھ معروف شخصیات نصیرالدین شاہ کو ان کے اس بیان پر کبھی معاف نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ جاوید اختر کے علاوہ سلمان خان کے والد سلیم خان نے بھی کچھ روز قبل راجیش کھنہ کو ’برا اداکار‘ کہنے پر نصیرالدین شاہ کو 'ناقابل برداشت اور 'مایوس شخص کہا تھا۔