10 اگست ، 2016
سانحہ کوئٹہ کے بعد لاہورسمیت پنجاب بھر میں عدالتوں کی سیکورٹی سخت کردی گئی،سپریم کورٹ لاہوررجسٹری، ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں اصل شناختی کارڈدکھائےبغیرکسی کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی،سانحہ کوئٹہ کا سوگ بھی جاری ہے، وکلا ءآج بھی عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔
چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس کےفیصلوں کی روشنی میں،سپریم کورٹ لاہور رجسٹری، ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کی سیکورٹی انتہائی سخت، وہ افراد جو پہلے عدالتوں میں داخلے کے لئے شناخت کرانے کے پابند نہیں تھے، اب وہ بھی اصل قومی شناختی کارڈ دکھائے بغیر عدالتوں میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔
وکلاء اور سائلین سمیت سب کیلئےشناخت کرانا اورتلاشی دینا لازمی جبکہ عدالتوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر خفیہ کیمرےاور واک تھرو گیٹس نصب کرکےپولیس نفری بھی بڑھا دی گئی ۔
مخصوص اسٹیکر والی گاڑیوں کو ہی عدالتی پارکنگ میں آنے کی اجازت ہوگی،صرف وہی سائل عدالتوں میں داخل ہو سکیں گے جن کے مقدمات زیر ِسماعت ہیں،غیر متعلقہ افراد کا عدالتوں میں داخلہ قطعی طور پر بند ، ججوں اور وکلاء سمیت بار کونسلز اور بارایسوسی ایشنز کی عمارتوں کی سیکورٹی بھی انتہائی سخت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب سانحہ کوئٹہ کا سوگ آج بھی جاری ، وکلا ء عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے،ہائی کورٹ میں صرف ایمرجنسی مقدمات کی سماعت جاری ہے۔