10 اگست ، 2016
کیا وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی ہار مان لی؟ مراد علی شاہ کہتے ہیں کراچی کی گندگی کچھ دنوں میں صاف نہیں ہوسکتی، ساتھ ہی افسران کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کام نہ کرنےوالے جاسکتے ہیں۔
لیاری میں اسکول کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کی گندگی کچھ دنوں میں صاف نہیں ہوسکتی، بیوروکریسی سےمل کر کام کرنے کا کہاہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کام نہ کرنےوالے جاسکتے ہیں تاہم اچھا کام کرنے والوں کو شاباش دی جائے گی۔
وزیر تعلیم کے بعد اب وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی بیورو کریسی نے سب اچھا ہے دکھانے کی کامیاب کوشش کی ہے ،صرف وہ اسکول دکھائے جاتے ہیں جہاں واقعی سب اچھا ہی ہوتا ہے۔لیاری میں نجی غیر سرکاری تنظیم کے تحت چلنے والے اسکول کو سرکاری بنا ڈالا۔
عالمی اداروں کو فنڈ کا بہتر استعمال دکھانا ہو یا کسی نئے وزیر تعلیم ، نئے وزیر اعلیٰ کی آنکھوں میں دھول جھونکنا ہو تو کراچی کے علاقے لیاری میں قائم گورنمنٹ دیپ چند اوجھا اسکول کا دورہ کرایا جاتا ہے۔ اس اسکول کو دیکھنے کے بعد واقعی یقین نہیں آتا کہ یہ ایک سرکاری اسکول ہے۔
لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسکول تو یہ سرکاری ہی ہے لیکن اس کا انتظام ایک غیر سرکاری تنظیم نے سنبھالا ہوا ہے ، اسکول کے اخراجات زکوٰۃ کی رقم سے پورے کیے جاتے ہیں ، صوبائی محکمہ تعلیم کا اس اسکول کی بہتری میں کوئی کردار نہیں لیکن کریڈٹ ضرور محکمہ تعلیم لیتا ہے۔
4 اگست کو نئے صوبائی وزیر تعلیم اور آج وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کو بھی اسی اسکول کا دورہ کرایا گیا۔
واضح رہے کہ شہر میں آج بھی جا بجا کچرے اور گندگی کے ڈھیر موجود ہیں،وزیر اعلیٰ نے پیر کو شہر بھر کا کچرا صاف کرنے کے لیے انتظامیہ کو دو دن کی ڈیڈ لائن دی تھی۔