پاکستان
07 ستمبر ، 2016

فیصل وواڈا کیخلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے: نعیم الحق

پی ٹی آئی کے نعیم الحق فیصل واوڈا پر برس پڑے ،کہا کہ کراچی کے شہریوں کو تکلیف میں ڈالنے پر فیصل واوڈا کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے، کراچی کے عوام گھنٹوں ٹریفک میں پھنسے رہے، تمام شہری فیصل واوڈا کو برا بھلا کہہ رہے ہیں، تحریک انصاف کا اس احتجاج سے کوئی تعلق نہیں۔

فیصل واوڈا کے احتجاج، شارع فیصل بند کرانے اور پھر فیصل واوڈا کی گرفتاری کے معاملے پر تحریک انصاف میں اختلاف سامنے آ گیا، کراچی میں فیصل واوڈا کے دوست عمران اسماعیل نے فیصل واوڈا کی گرفتاری کی مذمت کی، تاہم نعیم الحق نے واضح طور پر کہا کہ فیصل واوڈا کو اس حرکت پر سزا دی جانی چاہیے۔

عمران اسماعیل نے یہ تو کہا کہ تحریک انصاف کا فیصل واوڈا کی مہم سے کوئی تعلق نہیں ہے، مگر ساتھ یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، انہوں نے کہا کہ وہ فیصل واوڈا کی رہائی کے لیے گھر سے نکل چکے ہیں۔

کراچی میں تحریک انصاف کافی عرصے سے اختلافات کا شکار ہے، تجزیہ کار بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کی بری کارکردگی اور کراچی میں عمران خان کے جلسے میں کم حاضری کو بھی اسی اختلاف کا شاخسانہ قرار دے رہے ہیں۔

کچھ عرصے پہلے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں کے اتحاد نے الزام لگایا تھا کہ کراچی کے ضلع غربی میں تحریک انصاف نے متحدہ قومی موومنٹ کا ساتھ دے کر ایم کیو ایم کا چیئرمین اور اپنا وائس چیئرمین منتخب کرا لیا، اس الزام کے نتیجے میں کراچی اتحاد کے کارکنوں نے عمران اسماعیل کو دھکے بھی دیے۔

اس الزام کی عمران اسماعیل نے تردید کی تھی تاہم یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ ان کی جیل میں وسیم اختر سے ملاقات ہوئی تھی۔

تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے اس وقت بھی ایم کیو ایم سے تحریک انصاف کے اتحاد کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ اس بارے میں پارٹی قیادت سے پوچھا نہیں گیا تھا۔

مزید خبریں :