11 ستمبر ، 2016
کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں شہریوں کے مبینہ تشدد سے ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا بھائی زخمی ہوگیا۔دونوں ملزمان اقبال مارکیٹ میں خاتون سےلوٹ مارکررہےتھے جبکہ سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں کارروائی کرکے پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا۔
پولیس کے مطابق اورنگی ٹائون سیکٹر11اےپاکستان بازار میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے خاتون سے لوٹ مار کی کوشش کی اور فرار ہوگئے۔تاہم اہل محلہ نے ان کا پیچھا کیا اور انہیں پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا ۔
بعد میں ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا گیا ، زخموں کی تاب نہ لا کر ایک ڈاکو محمد علی ہلاک ہوگیا جبکہ زخمی محمد طلحہ کو تھانے منتقل کردیا گیا۔
ملزم طلحہ نے پولیس کو بیان دیا کہ اسے نہیں پتا تھا کہ بھائی ایسا کرے گا،واقعے کے وقت ان کے پاس اسلحہ نہیں تھا۔تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
دوسری سرجانی ٹائون خدا کی بستی میں پولیس نے 2ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ،چھینی گئی موٹرسائیکل اور موبائل فون برآمد کرلئے۔