19 جون ، 2012
واشنگٹن … امریکہ نے مصر کی حکمران فوجی کونسل سے وعدوں کے مطابق اقتدار کو عوامی نمائندوں کو منتقل کرنے اور اختیارات کا ارتکاز اپنے پاس نہ رکھنے کا مطالبہ کیاہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کی عبوری حکمران فوجی کونسل مکمل اختیارات سویلین حکومت کو منتقل کرے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں مصر کے ساتھ تعلقات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا۔ مبصرین کے مطابق مصری فوجی جرنیل اختیارات اپنے پاس رکھ کر ملکی اقتدار پر اپنی گرفت برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ مصر کی سپریم کونسل آف دی آرمڈ فورسز ایک بیان میں اس عزم کا اظہار کر چکی ہے کہ وہ اقتدار عوامی نمائندوں کے حوالے کرنے کے اپنے وعدے پر قائم و دائم ہے۔