19 جون ، 2012
نیو یارک… امریکی ری پبلکن پارٹی کے متوقع صدارتی امیدوار مٹ رومنی نے کہا ہے کہ اگر وہ برسراقتدار آگئے تو اسرائیل کی طرف ان کا رویہ صدر باراک اوباما کے رویہ سے مختلف ہوگا۔ واشنگٹن ڈی سی میں فیتھ اینڈ فریڈم کولائژن سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے مٹ رومنی نے کہا کہ برسراقتدار آنے کی صورت میں ان کی پالیسیاں باراک اوباما سے مختلف یا مخالف ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر باراک اوباما ایران کے جوہری قوت بننے کے برعکس زیادہ پریشان اسرائیل کی طرف سے ایران پر ممکنہ حملے کے بارے میں ہیں ۔ حالانکہ مشرق وسطیٰ میں اسرائیل ہی امریکہ کا روایتی اتحادی ہے جس کو اوباما نظر انداز کررہے ہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ باراک اوباما نے تین سال میں اسرائیل کے ساتھ بس سے نیچے پھینکے جانے والا سلوک کیا ہے۔