19 جون ، 2012
لاہور…وزیر اعلیٰ پنجا ب شہباز شریف کا کہنا ہے جس حکومت کو وطن کی مٹی سے پیار نہیں ، یہ قوم سے کیا پیار کریگی، لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کی آڑ میں کچھ کالی بھیڑیں ہماری صفوں میں گھس آئی ہیں ، عوام انہیں پہچانیں اور انکے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔لاہور میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے ایک بار پھر ہاتھ جوڑ کراپیل کی کہ عوام احتجاج کریں توڑ پھوڑ نہ کریں ،ٹرینیں جلتی ہیں تولوگ پریشان ہوتے ہیں ، علی بابا اور چالیس چوروں کا دیا گل ہونے تک ترقی کا دیپ نہیں جل سکتا ۔ وزیر اعلی ٰ نے کہا لوڈ شیڈنگ نے معیشت تباہ کر دی ہے، پنجاب میں بجلی بلوں کی ریکوری 98فیصد ہے ، اس کے باوجودسوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ، وزیر اعلیٰ نے ٹینٹ آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مون سون کے حوالے سے انتظامات کاجائزہ لیا ۔ ان کا کہنا تھاکہ مون سون کے لئے الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم وضع کر لیا گیا، عوامی نمائندے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔