10 اکتوبر ، 2016
عادل پرویز .....محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا نے رواں سال پونے تین سو کے قریب دہشت گردوں کو گرفتارکیا جن سے 5 سو کلو گرام سے زیادہ بارودی مواد برآمد ہوا۔ 5 دہشت گردوں کا تعلق داعش سے بتایا گیا ہے۔
جیونیوز کو ملنے والی محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا کی رپورٹ کے مطابق رواں برس گرفتار ہونے والے 262 دہشت گردوں میں 157 کاتعلق کالعدم تنظیموں سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں سے 98 کالعدم تحریک طالبان، 9 کالعدم لشکر اسلام اور 5 داعش کے دہشت گرد ہیں، 27 دہشت گردوں کے سر کی قیمت آٹھ سو بیس ملین روپے مقرر تھی۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے504 کلو گرام بارودی مواد، 9 خودکش جیکٹس، 96 دستی بم، 20 کھلونا بم اور دیگر دھماکہ خیزمواد برآمد ہوا۔
رپورٹ کے مطابق 35 دہشت گرد مختلف مقابلوں میں مارے گئے۔ 18 دہشت گردوں کوانسداد دہشت گردی عدالتوں سے سزائیں دلوائی گئیں۔ گرفتار دہشت گردوں سے 14 بوگس شناختی کارڈز اور لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔
رواں سال 17 ٹارگٹ کلرز،17 بھتہ خور اور 11 اغواء کاروں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا گیا۔