20 جون ، 2012
لاہور…لاہور ہائی کورٹ نے قذافی سٹیڈیم کے باہر تعمیر کی جانے والی حفاظتی دیوارکی تعمیر روکنے کاحکم دے دیا۔گلبرگ ٹاوٴن انتظامیہ نے لاہور ہائی کورٹ کے روبرو کرکٹ بورڈ کی طرف سے دیوار کی تعمیرکے خلاف تحریری اعتراضات پیش کردیئے۔عدالت کوبتایاگیاکہ قذافی اسٹیڈیم کے باہر حفاظتی دیوار کی تعمیر کیلئے کوئی نقشہ منظور نہیں کرایاگیا جبکہ یہ دیوارگرین بیلٹ پر تعمیر کی جارہی ہے جس کی قانون اجازت نہیں دیتا۔عدالت کویہ بھی بتایاگیاکہ قذافی اسٹیڈیم انتظامیہ نے بدنیتی کامظاہرہ کرتے ہوئے غیرقانونی دیوارمسمارکرنے کے بعد عدالت کاحکم امتناعی جودوجون کوجاری ہواتھا وہ پانچ جون کودکھایا۔ٹاوٴن انتظامیہ نے دیوار کی تعمیر کے حوالے سے کئی تکنیکی اعتراضات بھی عدالت میں داخل کئے،ہائی کورٹ نے اعتراضات کاجائزہ لینے کے بعد کرکٹ بورڈ کوقذافی اسٹیڈیم کے باہر حفاظتی دیوار کی تعمیر روکنے کاحکم دے دیا اورمزید کارروائی 25جون تک ملتوی کردی۔