20 جون ، 2012
جنیوا…اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ میانمر میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران نقل مکانی کرنے والے 90 ہزار افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ خوراک کی ترجمان ایلزبتھ بائر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ادارے کی طرف سے ایک ہفتے کے دوران نقل مکانی کرنے والے 66 ہزار افراد میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئی ہیں اور متاثرہ صوبے رکھین میں محصور افراد کیلئے امدادی اشیاء بھجوائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ادارہ نقل مکانی کرنے والے افراد کی امداد کیلئے تین ماہ پر مشتمل پروگرام کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ ادھر اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں سے متعلق ادارے یو این ایچ سی آر کے ترجمان اینڈرین ایڈورڈ نے کہا ہے کہ شورش زدہ صوبے رکھین سے اب بھی مسلمانوں کی بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کی طرف سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے تاہم انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش نقل مکانی کرنے والوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہا اور سیکڑوں افراد کو سرحد سے واپس بھجوا دیا گیا ہے۔