17 اکتوبر ، 2016
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 22 اگست کو میڈیا ہاؤسز پر حملے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے سے متعلق مقدمے میں بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار سمیت 30 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں 22 اگست کو میڈیا ہاؤسز پر حملے اور ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
ایم کیوایم کی 3 خواتین سمیت 52 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جب کہ تفتیشی افسر نے بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار سمیت 30 سے زائد ملزمان کی عدم گرفتاری سےمتعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
عدالت نے پہلے سے گرفتار کنور نوید جمیل ، قمر منصور اور شاہد پاشا کی عدم پیشی اور دیگر ملزمان کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد، فاروق ستار، ذاکرقریشی، جاویدکاظمی سمیت 30 سے زائد ملزمان کو مفرور قرار دیتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے جبکہ تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ ملزمان کو آئندہ سماعت پر گرفتار کرکے پیش کیا جائے۔