20 جون ، 2012
اسلام آباد … مسلم لیگ ق کی رکن قومی اسمبلی عطیہ عنایت اللہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین ریاض فتیانہ کی گرفتاری پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی ہے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عطیہ عنایت اللہ نے کہا کہ کمالیہ میں لوڈشیڈنگ کے خلاف مظاہرے کے دوران بچے کی ہلاکت کے ذمہ دار ریاض فتیانہ نہیں بلکہ پنجاب حکومت اور ڈی پی او ہیں۔ پولیس نے پہلے ریاض فتیانہ کو بتایا کہ انہیں حفاظتی تحویل میں لیا جا رہا ہے اور بعد میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ عطیہ عنایت اللہ نے کہا کہ انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو طلب کیا گیا ہے، رولز کے تحت ریاض فتیانہ کو اجلاس میں شرکت سے نہیں روکا جا سکتا۔