20 جون ، 2012
لاہور … ایف آئی اے لاہور نے این آئی سی ایل کیس ریکوری میں جمع کرائے چیکوں میں سے چار کروڑ 20 لاکھ روپے کاچیک باوٴنس ہونے پر سابق وزیر مملکت برائے دفاع حبیب اللہ وڑائچ کے بھائی اکرم وڑائچ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اکرم وڑائچ نے آین آئی سی ایل کیس میں ریکوری کیلئے 4 چیک جمع کرائے تھے۔ ایف ائی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جمیل احمد خان کے مطابق اکرم وڑائچ نے این آئی سی ایل کیس میں ملوث اپنے بھتیجے محسن وڑائچ کی جگہ اپنے اکاوٴنٹ کا چیک دیا تھا جو ٹاوٴن شپ برانچ سے باوٴنس ہوگیا ہے جس کے بعد اکرم وڑائچ کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ واضح رہے این آئی سی ایل کیس کی تفتیش اس وقت کے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ظفر قریشی نے کی تھی اور محسن وڑائچ سمیت ان کی فیملی کے دیگر ملزموں سے 4 مختلف رقوم کے چیک ریکوری کی مد میں لئے تھے جن میں سے پہلا چیک ہی باوٴنس ہوگیا ہے۔