21 جون ، 2012
واشنگٹن. .. . .امریکا نے کہا ہے کہ نیٹوسپلائی کی بحالی پر پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے، تاہم اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔واشنگٹن میں معمول کی بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ وکٹوریا نولینڈ نے کہا کہ سرحد پارعسکریت پسندی کا معاملہ دس سال سے زائد عرصے سے دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔ وکٹوریا نولینڈ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور ایساف کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ افغان فورسز کی جانب سے سیکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد نیٹو افواج افغانستان سے روانہ ہوجائیں گی۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی میں پہلے جیسا مضبوط تعاون چاہتے ہیں، پاکستان میں تشکیل پانے والے نئے سیاسی سیٹ اپ کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔