21 جون ، 2012
کراچی…بڑھتا تجارتی خسارہ، خالی ہوتا حکومتی خزانہ، مہنگائی ، قرض کی ادائیگی اور سیاسی عدم استحکام جیسے مسائل کا بوجھ بہت زیادہ ہے، پاکستان کی مستحکم ریٹنگ پر اس بوجھ سے دباوٴ بڑھتا جارہا ہے، موڈیز انوسٹرز سروسز نے انتباہ جاری کردیا۔ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیاں میں اضافہ جبکہ زرمبادلہ کی ملک آمد میں کمی ہوئی ہے۔ یہ صورت حال ادائیگیوں کے توازن کو بگاڑ رہی ہے۔ موڈیز کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقوم اور بھارت سے تجارت کے مواقعوں میں اضافہ مثبت ہوسکتا ہے مگر 2012 اور اس کے بعد قرض کی ادائیگی پاکستان پر دباوٴ بڑھا دے گی۔رپورٹ کے مطابق سال2012 اور 2013 میں پاکستان نے آئی ایم ایف کو مجموعی طور پر 5ارب 10 کروڑ ڈالر ادا کرنے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب زیادہ ہے اور زائد قیمت میں اس کی درآمد تجارتی خسارے میں اضافے کا سب سے اہم سبب ہے۔